سکارامینٹو: (روزنامہ دنیا) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ چائے آنکھوں میں موتیا کے خطرے کو 74 فیصد تک کم کر دیتی ہے۔ تحقیق کے مطابق چائے میں اینٹی آکسیڈنٹس آنکھوں کو مرض سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے شعبہ صحت میں کی گئی تحقیق میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کی خوراک اور ان کی صحت کی صورتحال کا ایک طویل عرصے تک جائزہ لیا گیا اور ان میں سے 1678 افراد کی آنکھوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔
بعد ازاں ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ چائے پینے اور موتیا کے درمیان گہرا تعلق ہوتا ہے۔ موتیا ’’گلوکوما‘‘ کے مرض میں آنکھ کے اندر دھیرے دھیرے دباؤ بڑھتا ہے جو خون کی رگوں کو متاثر کرتا ہے جس کے بعد بصارت متاثر ہونا شروع ہو جاتی ہے جو آہستہ آہستہ دیکھنے کی صلاحیت مکمل طور پر ختم کر دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق چائے میں اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش دور کرنے والے اجزا موجود ہوتے ہیں جو آنکھوں کو اس خطرناک مرض سے بچاتے ہیں جبکہ روزانہ چائے پینے سے بینائی پھیلنے والی اس بیماری کا خطرہ 74 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔