بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں آج کل ایک عجیب خبر گرم ہے کہ ایک طالبہ نے نئے قمری سال پر ملنے والے سکول کے کام کو ریکارڈ مدت میں ختم کرکے سب کو حیران کردیا لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ اس نے یہ کام ایک لکھاری روبوٹ کے ذریعے ختم کیا ہے۔
چین کے علاقے ہاربن سے تعلق رکھنے والی سیکنڈری جماعت ایک طالبہ نے 118 ڈالر یا پاکستانی 15 ہزار روپے سے ایک میکانکی روبوٹ بنوایا جو بہت تیزی سے اس کے ہوم ورک اور اسائنمنٹ مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا اور یوں اس نے فوری طور پر اپنا ہوم ورک ختم کر لیا۔
اس کی غلطیوں سے پاک اور نہایت صاف لکھائی دیکھ کر اس کی والدہ بھی پریشان ہو گئیں۔ اس کی ماں نے جب بچی کے کمرے کو دیکھا تو اندر سے دھات، تاروں اور دیگر اشیا سے بنا ایک آلہ برآمد ہوا۔ لڑکی کی ماں نے وہ روبوٹ توڑ دیا اور اس کی تفصیل سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے اپنی بیٹی کو دھوکے باز قرار دیا۔
اس نے پوسٹ میں لکھا کہ روبوٹ ہوم ورک تو کرسکتا ہے لیکن کیا یہ امتحان میں بھی کوئی مدد کرسکے گا؟ واضح رہے کہ چین میں روبوٹ سے ہوم ورک کروانا عام سی بات ہے اور ایسے روبوٹ 5 سے 20 ہزار روپے میں عام مل جاتے ہیں۔