نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں اپوزیشن جماعت نے مودی کے خلاف محاذ کھول لیا۔کانگریس پارٹی نے مودی سرکار کو نکمی اور ناکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک صدمے سے گزر رہا ہے اور مودی دو روزہ دورے پر سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔
اپوزیشن جماعت کانگریس بھارتی وزیر اعظم پر برہم ہو گئی۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھی مودی اپنی تشہیری مہم میں مگن رہے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجیوالانے کہاکہ ملک گہرے صدمے سے گزر رہا ہے اور مودی دو دن کی غیر ملکی یاترا پر سیر سپاٹے کے لیے جنوبی کوریا پہنچ گئے ہیں، کیا دنیا میں کوئی ایسی نکمی اور ناکارہ حکومت بھی ہے جس کے وزیر اعظم فوجیوں کے مرنے کے بعد فلم کی شوٹنگ کرتے رہیں؟
ترجمان اپوزیشن پارٹی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے قومی سوگ کا اعلان بھی اس لیے نہیں کیا کیونکہ انھیں اپنی حکومت کے مختلف منصوبوں کا افتتاح منسوخ کرنا پڑتا۔