دنیا کی سب سے بڑی مکھی دہائیوں گمشدگی کے بعد دوبارہ دریافت

Last Updated On 22 February,2019 03:59 pm

انڈونيشيا: (ویب ڈیسک) سائنسی ماہرین نے کئی عشروں قبل کرہِ ارض کی سب سے بڑی ’سیاہ مکھی‘ کو انڈونیشیا میں دوبارہ دریافت کر لیا۔ قبل ازیں اسے 25 انتہائی مطلوب جانوروں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ مکھی انڈونیشیا کے جزیرے پر دوبارہ ملی ہے، اسے کالی مکھی کا نام دیا گیا تھا۔ اس کی جسامت انسانی انگوٹھے کے برابر ہے اور اس کے پروں کا گھیر 6 سینٹی میٹر تک ہے۔ کالی مکھی کی دریافت کا سہرا سڈنی یونیورسٹی کے سائمن رابسن اور ان کے ساتھیوں کے سر جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مکھی ہمارے پاس آئی اور دائیں بائیں پرواز کے بعد اپنے چھتے کی طرف اڑ گئی۔

یہ مکھی1859 ء میں انڈونیشیا ہی کے جزیرے بیکن میں دریافت ہوئی تھی۔ اس کے جبڑے ایک خونخوار بھنورے کی طرح تھے جس سے مکھی مزید خوفناک دکھائی دیتی تھی۔ بعد ازاں اسے باقاعدہ مکھی کا درجہ دیا گیا جو جسامت میں سب سے بڑی تھی۔ پھر 1981 میں یہ دوبارہ انڈونیشیا میں ہی دکھائی دی اور اس کے بعد ماہرین اسے تلاش کرتے ہی رہے لیکن نہ ملی۔ جس پر ماہرین نے اسے ’25 انتہائی مطلوب جانوروں‘ کی فہرست میں شامل کیا تاہم اس کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ اب ماہرین نے اسے دوبارہ دیکھا تو انکی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اب اگلے مرحلے میں اس کے مزید اہلِ خانہ دریافت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔