ہالینڈ: (ویب ڈیسک) تازہ تحقیقاتی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ نارنجی کے رس کا باقاعدگی سے ایک گلاس پینے والے افراد میں فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
مذکورہ سروے دس سال سے زائد عرصے تک جاری رہا اور ہزاروں افراد کے اعدادوشمار اکٹھے کیے گئے۔ ہالینڈ میں نیشنل انسٹٰی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ اینوائرمنٹ نے یورپی کینسر اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت 35000 افراد کا 15سال سے زائد عرصے تک سروے کیا جن میں 20 سے لے کر 70 سال تک کے افراد شامل تھے۔ اس سروے کا مقصد غذا، صحت یا اس سے ہونے یا نہ ہونے والی بیماریوں کے بارے میں معلوم کرنا تھا۔
تاہم تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نہ صرف نارنجی کے جوس سے فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ دیگر اقسام کے تازہ پھلوں کا رس بھی اسے روکنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع رپورٹ کا نتیجہ یہ ہے کہ اگر ہفتے میں 8 مرتبہ نارنجی کا رس پیا جائے تو فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ ایک دن چھوڑ کر ایک دن یہ رس پینے سے فالج کا خطرہ 20 فیصد تک ٹلتا ہے۔