تہران: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ بھاپ اُڑاتی گرما گرم چائے پینے کے عادی افراد کا غذا کی نالی کے کینسر میں مبتلا ہونے کا شدید خطرہ موجود ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکن کینسر سوسائٹی کی تحقیقی رپورٹ میں 60 سینٹی گریڈ تک گرم چائے کے 2 کپ پینے والے افراد کے غذا کی نالی کے کینسر میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا ہے۔ قبل ازیں عالمی ادارہ صحت نے بھی 65 سینٹی گریڈ تک گرم چائے پینے سے باز رہنے کی وارننگ دی تھی۔
اس حوالے سے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پہلے بھی تحقیقی مقالوں میں تیز گرم چائے اور کینسر کے درمیان تعلق کا ذکر کیا جا چکا ہے تاہم پہلی بار اس مرتبہ 60 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا تعین کیا گیا ہے جو کینسر جیسی موذی مرض میں مبتلا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ تحقیقی مقالہ تہران یونیورسٹی کے تعاون سے ایران میں مکمل کیا گیا ہے جہاں زیادہ درجہ حرارت والی چائے پینے کا عام رجحان ہے۔ اس تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے 2004 سے 2017 کے درمیان 50 ہزار کے قریب ایرانیوں کے میڈیکل ریکارڈ کا جائزہ لے کر نتائج مرتب کئے۔