سان فرانسسکو: (روزنامہ دنیا) یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سائنسدانوں نے کہا کہ خشک اور متاثرہ جلد بڑھاپے میں حملہ آور کئی امراض کی وجہ بن سکتی ہے جن میں امراضِ قلب اور الزائمر بھی شامل ہیں۔
جامعہ کے ماہرین نے بزرگ افراد پر اپنی دیرینہ تحقیق کے بعد یورپین اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی اینڈ وینرویئلوجی میں اس کی رپورٹ شائع کرائی ہے۔ تحقیق سے وابستہ ڈاکٹر ماؤ چیانگ مان نے کہا کہ بڑھاپا جسم کی اندرونی سوزش یا جلن کو بھی بڑھاتا ہے جسے ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
جلد کے متاثرہ اور خشک حصوں میں جلن کی خبر دینے والا پروٹین سائٹوکائنز خارج ہوتا ہے۔ پھر سائٹو کائنز جسم کے اندر جگہ جگہ ہلکی یا تیز جلن کی وجہ بنتے ہیں۔ اس کیفیت میں بزرگ افراد دن میں دو مرتبہ تین تین ملی لیٹر موئسچرائزر کریم استعمال کریں تو اس طرح مضر سائٹو کائنز کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔
ماہرین نے اسے بوڑھے افراد کیلئے ایک اچھی خبر قرار دیا ہے جس میں وہ آسان اقدامات کے ساتھ خود کو بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ تحقیق باقاعدہ طور پر بزرگوں پر کی گئی ہے لیکن اس میں بہت کم افراد نے حصہ لیا تاہم ماہرین کا مشورہ ہے کہ بغیر خوشبو کے صابن اور کریموں کا استعمال کر کے جلد کو خشکی سے بچایا جائے۔