دبئی : (ویب ڈیسک) ایک جدید طبی تحقیق میں یہ بات کہی گئی ہے کہ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو چاہیے کہ وہ ورزش کے لیے جِم جانے کے واسطے صبح سویرے اٹھنے کے بجائے اپنی نیند پوری کریں ۔۔۔ اس لیے کہ نیند کا پورا ہونا جِم جانے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
انگریزی اخبار "مِرر آن لائن" میں شائع ہونے والے تحقیقی مطالعے میں ڈاکٹروں نے باور کرایا ہے کہ مطلوبہ دورانیے کی اچھی نیند کا حصول وزن کم کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔
ڈاکٹروں کے نزدیک نیند کے دورانیے کو ورزش کے ساتھ متصادم نہیں ہونا چاہیے۔ بہت سے لوگ اپنے کام پر جانے سے پہلے بیدار ہو کر ورزش کے لیے جم کا رخ کرتے ہیں۔ جسمانی فٹنس کے اہداف تک پہنچنے کے لیے اچھی اور وافر نیند کا حصول اہم ہے۔
طبی تحقیق کے مطابق ہر انسان کو روزانہ 8 گھنٹے کی نیند لینی چاہیے تا کہ بھوک اور پیاس کے احساس کو کنٹرول کرنے کے ذمے دار ہارمونز کا نظام درست رہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایک رات کی نیند پوری نہ ہونے کے بعد انسان کی بھوک میں 45% تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے جو لوگ 8 گھنٹے سے کم سوتے ہیں ان کے جسم میں چکنائی کی سطح بلند ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں نیند پوری کرنا دماغ اور دل کے لیے مفید ہے۔ یہ انسان کے مدافعتی نظام کو تقویت دینے اور اس کی زندگی میں مسرت لانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔