شاخ گوبھی کھائیں، دماغی امراض سے محفوظ رہیں

Last Updated On 10 May,2019 01:02 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہرین نے سائنسی تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بروکولی یا شاخ گوبھی دماغ میں موجود کیمیکلز جو انسانی جسم کے مختلف افعال سرانجام دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کے نظام کو متوازن رکھتے ہوئے مختلف دماغی امراض سے روکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شاخ گوبھی میں ایک کیمیکل سلفورافین موجود ہوتا ہے جو دماغ کو روز مرہ امور نمٹانے کیلئے درکار قوت بہم پہنچاتا ہے اور کیمیائی اجزا کو اسکی قدرتی ترتیب کے لحاظ سے منظم رکھتا ہے۔  ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے مریض جو شیزوفرینیا میں مبتلا ہوتے ہیں ان کے لئے سلفورافین بہترین دوا کا کردار ادا کرتا ہے، مزید اہم بات کہ یہ انمول عنصر اس خطرناک مرض میں مبتلا ہونےسے بھی بچاتا ہے۔

شیزوفرینیا ایسی ذہنی بیماری ہے جس میں مریض منفی رجحانات کا شکار ہو کر وہم، دھوکے، پریشان خیالی، عجیب رویے اور خود سے باتیں کرنے جیسے عارضوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اس طرح مریض اپنے اہلِ خانہ سے شاکی ہو کر انھیں ہی دشمن سمجھتا ہے جو خونی رشتوں کے لیے بہت اذیت ناک صورتحال کا پیش خیمہ ثابت ہوتا ہے۔

شیزوفرینیا کے مریضوں کے دماغ میں ایک مضر کیمیکل’ گلوٹامیٹ‘ دیگر کے تناسب سے 4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ یہ کیمیکل دماغی نیورون کے درمیان سگنل بھیجنے اور وصول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں میں ایک کیمیکل گلوٹاتھائیون بھی کم ہوجاتا ہے، اس کمی کو پورا کرنے کیلئے شاخ گوبھی میں موجود کیمیکل سلفورافین اہم کردار ادا کر کے بیماری سے بچا لیتا ہے۔