نیویارک: (روزنامہ دنیا) زمین پر پائے جانے والے ممالیہ جاندار درخت جتنے بڑے ہو سکتے ہیں مگر ہمارے سیارے کے حقیقی عظیم الجثہ جانداروں کو دیکھنے کیلئے سمندروں میں غوطہ لگانا ہو گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ آخر وہیل مچھلیاں اتنی بڑی کیوں ہوتی ہیں۔ ماضی میں سائنسدانوں کا ماننا تھا کہ سمندر میں پائے جانے والے ممالیہ زمین کی کشش سے آزاد ہوتے ہیں جو ان کی جسامت کی بنیادی وجہ ہے مگر اب نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یہ آزادی یقیناً ایک عنصر ہے مگر اصل وجہ کچھ اور ہے اور درحقیقت اتنی بڑی جسامت کے بغیر ان کیلئے زندہ رہنا ناممکن ہوتا ہے۔
اصل میں وہیل جیسے ممالیہ کو اتنی بڑی جسامت کی ضرورت اس لئے ہوتی ہے تاکہ وہ ٹھنڈے سمندر میں بھی خود کو گرم رکھ سکیں۔ اس مقصد کیلئے امریکہ کی سٹین فورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے متعدد کمپیوٹر ماڈلز تیار کر کے جسامت پر اثرانداز ہونے والے عناصر کا تجزیہ کیا اور 2 وجوہات دریافت کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بھی ہم اس راز کو مکمل طور پر جان نہیں سکے کہ کیا چیز جانوروں کی جسامت کا تعین کرتی ہے ۔اس تحقیق کے نتائج جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئے۔