بالٹی مور: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ باقاعدہ ورزش سے انسان میں کینسر جیسی موذی مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں اور لاحق ہونے کی صورت میں بیماری سے لڑنے اور زندہ رہنے کا تناسب بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے پھیپھڑوں اور آنتوں کے سرطان کے مابین تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جسمانی طور پر صحت مند افراد میں پہلے تو کینسر کا خدشہ کم ہوتا ہے اور اگر کسی طرح مرض کا شکار ہو جائیں تو جلد صحت یاب ہونے کا امکان دوسرے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، تحقیق کے دوران سروے میں 49 ہزار سے زائد مریضوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا جو 1991 سے 2009 کے درمیان ورزش، سٹریس اور فٹنس کے کئی ٹیسٹ سے گزرے تھے۔ اس گروپ میں 46 فیصد خواتین، 64 فیصد سفید فام، 29 فیصد سیاہ فام اور ایک فیصد ہسپانوی شامل تھے۔
سروے سے وابستہ کینسر کی ماہر کا کہنا ہے کہ ورزش اور دل کے امراض میں کمی کے درمیان گہرا تعلق دریافت ہوچکا ہے لیکن اب تک فٹنس، ورزش اور کینسر کے درمیان تعلق دریافت نہیں کیا گیا تھا۔
اس سروے سے پتہ چلا کہ انتہائی فٹ اور ورزش کرنے والے افراد میں پھیپھڑے کا کینسر لاحق ہونے کا خطرہ 77 فیصد اور آنتوں کے کینسر کا خدشہ 61 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ شعبہ طب کے حوالے سے یہ بہت بڑا تناسب ہے جو مریض کی زندگی بچانے میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔