پاکستان میں پولیو کیخلاف مواد ہٹانے کیلئے فیس بک تیار

Last Updated On 10 May,2019 03:27 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک) فیس بک پاکستان میں پولیو کے خلاف مواد ہٹانے کے لیے تیار ہو گیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ اپنے تمام پلیٹ فارمز سے پولیو کے خلاف مواد ہٹانے کے لیے تیار ہے جس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم سے متعلق غلط معلومات پھیل رہی تھیں اور لوگ بچوں کو قطرے پلانے سے گریز کرنے لگے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرِ اعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر عطا نے بتایا کہ فیس بک کے مواد کے لیے قائم عالمی ٹیم نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پولیو کے خلاف لڑائی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

یہ اعلان فیس بک نے ویڈیو کانفرنس کے دوران کیا۔ کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت اور اقوامِ متحدہ کے فنڈ برائے اطفال یا یونیسف کے ملکی سربراہان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی بابر عطا کا کہنا تھا کہ پشاور میں ہم نے دیکھا کہ افواہیں جنگل میں آگ کی طرح پھیلیں تاہم انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کی روک تھام کو ترجیح دینگے۔

بابر عطا نے کہا فیس بک کا مواد ہٹانے کے بارے میں فیصلہ بہت شاندار ہے۔ فیس بک بھی پولیو کے خاتمے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔ ہم پروپیگنڈا کے مواد پر کارروائی کیلئے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ کے ساتھ مل کر کام کرینگے لیکن میں اس مسئلہ پر گوگل کی خاموشی کو عالمی ادارہ صحت، یونیسف، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن اور سی ڈی سی کی عالمی قیادت تک لے کر جاؤں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے خیبرپحتونخوا میں چند لوگوں نے پولیو کے قطروں سے متعلق افوہیں پھیلائیں جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر بات گردش کرنے لگی کہ پولیو کے قطرے پینے کی وجہ سے بچوں کی اموات ہو رہی تھیں۔