لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی فیملی کورٹ نے سٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ بچوں کا خرچہ ادا نہ کرنے پر عدالت نے طارق ٹیڈی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
فیملی عدالت کی جج مائرہ حسن نے طارق ٹیڈی کی سابقہ بیوی کی درخواست پر سماعت کی۔ طارق ٹیڈی کی سابقہ بیوی نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اسکا شوہر عدالتی حکم کے باوجود بچوں کا خرچہ ادا نہیں کررہا۔ اکیلی بچوں کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتی۔ عدالت طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کرنے کا حکم دے۔
فیملی عدالت نے رواں سال فروری میں سٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی احکامات کے باوجود سٹیج ادکار نے بچوں کا خرچہ ادا نہیں کیا جس پر عدالت نے طارق ٹیڈی کو 13 جون کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
طارق ٹیڈی اور ان کی اہلیہ کے درمیان سال 2011 میں علیحدگی ہو گئی تھی اور اُن کی سابقہ اہلیہ نے نان نفقہ کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔ بچیوں کو نان نفقہ نہ دینے پر عدالت طارق ٹیڈی کے اس سے قبل بھی کئی بار وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔