کیمبرج: (روزنامہ دنیا) جاپانی اور برطانوی انجینئروں نے ایک ایسا انوکھا روبوٹ ایجاد کر لیا ہے جس کا جسم جونک کی طرح لچک دار اور خم کھانے کے قابل ہے اور وہ کسی دیوار پر چپک کر اوپر چڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایسے روبوٹ کا تصور یوہاشی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی جاپان کے ماہر ایاتو کناڈا نے پیش کیا اور کیمبرج یونیورسٹی کے تعاون سے اسے عملی جامہ پہنایا۔ اس روبوٹ کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’سافٹ روبوٹکس‘‘ میں شائع ہوئی ہیں جبکہ کیمبرج یونیورسٹی کی جانب سے اس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس روبوٹ کی تیاری میں غسل خانوں میں استعمال ہونیوالا لچک دار اور منقسم پائپ استعمال کیا گیا ہے اور بل دار جسم کے آخری سرے پر سکشن کپ لگا ہے جو اسے دیوار سے چپکنے میں مدد دیتا ہے۔