لندن: (روزنامہ دنیا) برطانیہ کا 17 سالہ نوجوان محض اس لئے بینائی سے محروم ہو گیا کہ وہ کم عمری سے فرائیز اور چپس جیسی چیزیں شوق سے کھاتا آ رہا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وجہ سے بینائی سے محروم ہونے والا یہ پہلا نوجوان ہے۔ 14 برس کی عمر تک اس نوجوان میں وٹامنز بی 12 سمیت اس کی ہڈیوں کے منرلز اور کئی طرح کے دیگر وٹامنز کی کمی دیکھی گئی تھی، اس نے فوڈ سپلیمنٹ اور طاقت کی دوائیاں بھی کھائیں تاہم یہ کمی پوری نہ ہوسکی اورگزشتہ دنوں اسے آنکھوں کے ہسپتال منتقل کرنا پڑا جہاں علاج کے باوجود وہ مکمل طور پر بینائی سے محروم ہو گیا۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہےکہ کچھ عرصہ قبل کی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ فرنچ فرائیز یا آلو کے تلے ہوئے چپس کھانے کی عادت موت کے دہانے تک بھی پہنچا سکتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں دو بار اس طرح کے چپس کھانے کی عادت مختلف امراض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتی ہے۔ اس کے مقابلے میں ابلے ہوئے یا بھون کر آلو کھانا اس طرح کے خطرے کو نہیں بڑھاتا۔