پہلے روبوٹ پائلٹ کو طیارہ اڑانے کا لائسنس مل گیا

Last Updated On 05 September,2019 03:22 pm

کیلفورنیا: (روزنامہ دنیا) دنیا میں پہلی مرتبہ روبوٹ نے باقاعدہ جہاز اڑانے کا لائسنس حاصل کر لیا، اس کا پورا نام ’’روبو پائلٹ ان مینڈ ایئرکرافٹ کنورژن سسٹم‘‘ ہے جو باقاعدہ اپنی مصنو عی ٹانگوں سے ہوائی جہاز کا پیڈل دباتا اور ہاتھوں سے سٹک قابو کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹ پائلٹ کمپیوٹرائزڈ بصری سسٹم سے طیارے میں لگے ڈائل، میٹر اور دیگر اشیا کو دیکھتا اور انہیں سمجھتا ہے، طیارے کو ٹیک آف کرانے اور بحفاظت زمین پر اتارنے کیساتھ فلائٹ منصوبے کے تحت جہاز اڑاتا ہے، اس کا پہلا تجربہ 9 اگست کو امریکی ریاست یوٹاہ کی ایک فلائٹ پر کیا گیا تھا۔

اس روبوٹ کے ذریعے کسی بھی طیارے کو خودکار بنایا جا سکتا ہے، قبل ازیں مختلف کمپنیوں کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع اور جنوبی کوریا نے بھی ایسے روبوٹ پائلٹ بنائے تھے لیکن کارکردگی اور ایڈوانس ٹیکنالوجی میں روبوپائلٹ کا کوئی مقابلہ نہیں۔

اس روبوٹ کو بنانے والی کمپنی کے مطابق روبو پائلٹ سے ضرورت پڑنے پر سامان اٹھوانے کا کام بھی لیا جا سکتا ہے، جن علاقوں میں انسانی جان کے ضیاع کا خطرہ ہو وہاں اس سے جاسوسی کا کام بھی لیا جاسکتا ہے تاہم ابھی اسے انسانی پروازوں کے لیے مخصوص ٹیسٹوں سے نہیں گزارا گیا اس لئے ابھی یہ مسافر طیارے نہیں اڑا سکتا۔