268 سال کی ’’بو ہیڈ‘‘ نسل کی وہیل کا سراغ مل گیا

Last Updated On 16 December,2019 02:00 pm

کینبرا: (روزنامہ دنیا) آسٹریلوی سائنس دانوں نے ’’بو ہیڈ‘‘ نسل کی وہیل کا سراغ لگایاہے جس کی عمر 268 سال ہے، اس لحاظ سے وہ امریکا سے صرف 25 سال چھوٹی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ وہیل مچھلی اڑھائی صدیوں سے بحر قطب شمالی میں تیر رہی ہے۔ آسٹریلوی سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے سائنس دانوں کے مطابق یہ وہیل ممالیہ جانوروں میں طویل ترین عرصے تک زندہ رہنے والا جانور بن گئی ہے، اب تک کسی ممالیہ جانور کے اتنی عمر پانے کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ اس سے قبل دریافت ہونیوالی ایک بوہیڈ وہیل کی عمر 211 سال تھی۔

تحقیقاتی ماہرین کی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سال 2007 میں ایک ایسی وہیل مچھلی مردہ حالت میں ملی تھی جس کے جسم میں 200 سالہ پرانا نیزہ پیوست تھا، 2 صدیوں قبل کسی شکاری نے اسے مارا تھا جو اس کی زندگی ختم ہونے تک اس کے جسم میں موجود تھا۔ اس سے پتہ یہ چلا کہ یہ مچھلی 200 سال زندہ رہی۔