آسٹریا: (روزنامہ دنیا) ہم جانتے ہیں کہ زیرِ آب سکوبا ڈائیونگ کیلئے ایک جانب تو بھاری بھرکم آلات درکار ہوتے ہیں تو دوسری جانب کئی طرح کے سرٹیفکیٹس کے بعد ہی پانی میں اترنے کی اجازت ملتی ہے لیکن اب ایک دلچسپ ایجاد آپ کو تیراکی کے دوران ہوا بنا کر دے گی۔
اسے ‘ایگزو لنگ’ یعنی ‘بیرونی پھیپھڑوں’ کا نام دیا گیا ہے۔ جب تک کوئی پیراک زیرِ آب حرکت کر کے آگے بڑھتا رہتا ہے یہ اس کیلئے ہوا تیار کرتا رہتا ہے۔ ایگزولنگ ایک چھوٹے پائپ کے ذریعے ایک ہوا بھرے بیگ سے جڑا رہتا ہے جو پانی کی سطح پر تیرتا ہوا آپ کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتا رہتا ہے۔
پائپ سطح آب سے نیچے آتے ہوئے آپ کے سینے پر لگے پلاسٹک کے شفاف ڈبے سے جڑا ہوتا ہے اور اس کے اندر ربڑ سے بنا غبارے نما بلیڈر ٹانگوں کی حرکت سے پھیلتا اور سکڑتا ہے۔ اس طرح اوپر تیرتے ہوئے بیگ سے ہوا پائپ کے ذریعے اندر پہنچتی رہتی ہے جو منہ کے ذریعے تیراک کو آکسیجن فراہم کرتی ہے۔
اسے ایک ماہر جوئرگ ٹراگشنگ نے ڈیزائن کیا ہے جن کے مطابق ایگزولنگ لامحدود وقت کیلئے آکسیجن فراہم کرتا ہے۔ انجینئرز نے اس کا پہلا نمونہ کامیابی سے آزمایا ہے۔