میکسیکو کے گاؤں میں تھری ڈی محلہ تیار کرنے کی تیاری

Last Updated On 17 December,2019 09:59 am

میکسیکو: (روزنامہ دنیا) میکسیکو کے ایک گاؤں میں پورے محلے کے تمام گھر مکمل طور پر تھری ڈی پرنٹر سے چھاپ کر تعمیر کرنے کے انوکھے منصوبے پر کام شروع کیا جاچکا ہے جس کے تحت اب تک دو گھر بنائے بھی جاچکے ہیں۔

اس منصوبے کا مقصد مکانات کی شدید قلت کو دور کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک غیرتجارتی کمپنی نے دو گھر مکمل طور پر تھری ڈی پرنٹر سے تیار کئے ہیں جبکہ اگلے مراحل میں ٹباسکو کے گاؤں میں 500 مربع فٹ کے 50 گھر تعمیر کئے جائیں گے جس کے بعد یہ پورا محلہ تھری ڈی پرنٹروں سے بنائے گئے گھروں سے بھر جائے گا اور غالباً اپنی نوعیت کا واحد تھری ڈی محلہ بھی ہوگا۔

ہر تھری ڈی پرنٹڈ گھر میں دو بیڈروم، ایک بڑا کمرہ، ایک باورچی خانہ اور غسل خانہ بھی شامل ہے ۔ پہلے مرحلے میں یہاں خاندان کو بسا کر ان سے گھر کے متعلق رائے لی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق دونوں گھر صرف 24 گھنٹے میں تعمیر کئے گئے ہیں۔ مکانات کیلئے غریب گھرانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 75 ڈالر سے بھی کم ہے۔

اس تجربے کی کامیابی کے بعد نہ صرف اس جگہ 50 مکانات بنائے جائیں گے بلکہ ہیٹی، ایل سلواڈور اور بولیویا میں بھی مزید 2700 تھری ڈی پرنٹڈ گھر تعمیر کئے جائیں گے۔