اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے تناظر میں پی ٹی اے کی جانب سے کاوشیں جاری ہیں ملک بھر میں موبائل فون استعمال کنندگان کو 19 مارچ سے اب تک تمام زبانوں میں 81 کروڑ 19 لاکھ 70ہزار پیغامات بھجوائے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے صارفین کو اُردو اور انگریزی سمیت علاقائی زبانوں میں بھی آگاہی ایس ایم ایس بھیجے گئے۔ آگاہی ایس ایم ایس بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور کورونا وائرس کے مریضوں سے رابطے والے افراد کو بھی بھیجے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق 19 مارچ 2020ء سے اب تک ایسے 5لاکھ 30 ہزارسے زائدپیغامات بھیجے جاچکے ہیں کورونا وائرس سے آگاہی کے لئے 13کروڑ 17لاکھ 50ہزار صارفین کے موبائل فونز پر پی ٹی اے کی جانب سے کورونا آگاہی رنگ بیک ٹون کا آغاز کیا گیا۔ تعلیمی اداروں، کال سنٹرز وغیرہ کی سہولت کے پیش نظر19 مارچ 2020ء سے 72 آئی پیز وائٹ لسٹ کی گئیں۔
پی ٹی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ انسداد کورونا وائرس کیلئے کام کرنے والے سرکاری اداروں کو 12 مختلف شارٹ کوڈزاور 6 ٹول فری نمبر دئیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام آپریٹروں کی جانب سے اپنے صارفین کے لئے بہت سی پیش کش اقدامات کئے گئے ہیں۔