پاکستان میں تیار کردہ ڈرونز شعبہ زراعت میں نیا انقلاب ثابت ہوں گے: فواد چودھری

Last Updated On 15 July,2020 09:28 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے پاکستان میں تیار کردہ ڈرونز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زراعت کے شعبے میں نیا انقلاب ثابت ہونگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے بتایا کہ یہ دونوں زرعی ڈرونز پاکستان میں تیار کئے گئے ہیں جو 18 منٹ تک فصلوں پر سپرے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فواد چودھری نے لکھا کہ پہلے پورا کھیت سپرے کیا جاتا ہے لیکن اب سنسرز بتاتے ہیں کہ فصل کے کس حصے کو بیماری ہے اور صرف اس حصے پر سپرے ہوتی ہے۔ کھیت کی مکمل مانیٹرنگ کی صلاحیت سے لیس یہ ڈرونز زراعت میں نیا انقلاب ثابت ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے پاکستانی سائنسدانوں کا کارنامہ، فصلوں پر سپرے کیلئے ڈرون تیار

خیال رہے کہ ان خاص ڈرونز کو وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کی ہدایت پر نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔

یہ ڈرون فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے میں معاون ہوگا۔ اس میں فصلوں پر زہریلی دوا سپرے کرنے کی سہولت ضرور موجود ہے۔ اب کسان کسی بھی جگہ پر باآسانی سپرے کر سکیں گے اور یہ کام دنوں یا گھنٹوں کی بجائے منٹوں میں پایا تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ 

این آر ٹی سی حکام نے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے خاص ہدایت جاری کی تھی کہ یہ ڈرون کم قیمت ہونا چاہیے تاکہ عام کسان اس سے استفادہ حاصل کر سکے۔ اس لیے اس ڈرون کی قیمت مارکیٹ میں دستیاب ڈرونز کی نسبت ایک تہائی ہے۔