ہیکرز نے 130 مشہور شخصیات کے اکاؤنٹ کو ٹارگٹ کیا: ٹویٹر کی تصدیق

Last Updated On 17 July,2020 10:23 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ دنوں ہیکرز نے 130 مشہور شخصیات کے اکاؤنٹس کو ٹارگٹ کیا تھا۔

ٹویٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ان شخصیات کے پرائیوٹ ڈیٹا کی سیکیورٹی پر کام کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق امریکی صدر براک اوباما، کاروباری شخصیات ایلون مسک اور بل گیٹس سمیت متعدد ارب پتی افراد اور کئی معروف کمپنیوں کے اکاؤنٹس کو ہیک کر لیا تھا۔

صارفین کو ایلون مسک کی ٹویٹ کے ذریعے سب سے پہلے پیغام بھیجا گیا کہ جو بھی میرے بٹ کوائن ایڈریس پر رقم بھیجے گا تو میں اسے دگنی رقم واپس کروں گا۔ آپ مجھے ایک ہزار ڈالر بھیجیں، میں آپ کو دو ہزار ڈالر واپس بھیجوں گا، اور یہ میں صرف اگلے تیس منٹ کروں گا۔ خیال رہے کہ ایلون مسک مشہور کمپنی سپیس ایکس کے مالک ہیں۔

اس کے بعد مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے اکاؤنٹ سے بھی اس سے ملتا جلتا پیغام دیا گیا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ان شخصیات کے دونوں اکاؤنٹس سے یہ ٹویٹس فوری ہٹا کر دوسری ٹویٹس بھی کی جا رہی تھیں۔ جتنی دیر یہ بٹ کوائن ایڈرس آن لائن رہا اس پر ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم منتقل کر دی گئی تھی۔