ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

Last Updated On 17 July,2020 09:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک ویڈیوز پر مکمل پابندی کے مطالبے کی قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک ویڈیو کے ذریعے مذاہب کا مذاق بنایا اور بے حیائی پھیلائی جا رہی ہے۔ اس پر بےسروپا گفتگو کی بھی جا رہی ہے۔

متن میں کہا گیا کہ اس کی وجہ سے نئی نسل کو تباہی کی دہانے کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ٹک ٹاک ویڈیوز پر کسی قسم کی پابندی نہیں اور ان کے اداکاروں پر کسی قسم کی قانونی گرفت نہیں ہو رہی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز کو بلیک میلنگ کے لئے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ کئی افراد اس وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز پر مکمل پابندی لگائی جائے۔