اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے ‘’پب جی گیم’’ پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے رویوں سے ٹیکنالوجی کی انڈسٹری تباہ ہو جائے گی۔
فواد چوھدری نے ‘’پب جی گیم’’ پر پابندی سے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں اس طرح کی پابندیوں کے سخت خلاف ہوں۔ ایسے رویوں سے ٹیکنالوجی کی انڈسٹری تباہ ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ہم ایسے فیصلوں کے معاشی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اس قسم کے فیصلوں کے دور رس نتائج ہوتے ہیں۔ وہ امید کرتے ہیں کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اس معاملے کا نوٹس لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ، پب جی گیم پر پابندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پب جی گیم پر پابندی کے خلاف درخواست پردلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
15 جولائی کو سماعت کے دوران جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی اے کو چاہیے تھا ماہر نفسیات کو بلاتے ان سے رائے لیتے کہ اس کا اثر کیا ہے، انہوں نے استفسار کیا کہ گیم پر پابندی آپ نے قانون کی کس شک کے تحت لگائی۔
Well I against all kinds of general bans, such attitude is killing tech industry we cannot afford such bans, I hope concerned minister @SyedAminulHaque ll take note of this ban and PTA ll be instructed not to encourage such bans as it hinders tech growth in the long run https://t.co/GiEcFpbzDN
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 19, 2020
پی ٹی اے وکیل نے بتایا کہ اس میں اسلام کے خلاف کچھ میٹریل نظر آیا جس کی وجہ سے پابندی لگائی، عدالت نے کہا کہ بتائیں میٹریل جو اسلام کے خلاف ہے، کہاں آپ نے میٹنگ مینٹس میں لکھا ہے، جو بھی ایکشن لینا ہے آپ نے اس پر اپنا مائنڈ اپلائی کرنا ہے اور اس کو لکھنا ہوتا ہے، یہ کہہ کر پھر تو جتنی گیمز جتنا میٹریل سب پر پابندی لگا دیں، پی ٹی اے وکیل نے کہا کہ پب جی گیم میں کچھ غیر اخلاقی سین بھی آتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ وطیرہ بن گیا ہے کہ ہر چیز دوسری طرف میں ڈال دیں، سی پی او کل کہے گا کہ سارا کچھ بند کردو تو کیا آپ بند کردیں گے؟ کوئی جو مرضی کہے پی ٹی اے نے اپنا مائنڈ بھی اپلائی کرنا ہوتا ہے۔
جسٹس عامرفاروق نے پی ٹی اے وکیل سے کہا کہ آپ نے کہا درخواستیں آ گئی ہیں تو بند کر دیتے ہیں، کسی شکایت میں بتائیں جہاں کہا گیا ہو کہ یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے؟ پی ٹی اے وکیل نے کہاکہ صورتحال ایسی بن گئی تھی کہ پب جی معطل کرنا پڑی، جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ صورتحال نہیں قانون کے مطابق آپ نے فیصلہ کرنا ہے، گیمز تو شاید اس سے بھی زیادہ وائلنٹ موجود ہیں۔
پب جی کمپنی وکیل نے کہا کہ ہم نے پی ٹی اے کے 9 جولائی کے اجلاس میں شرکت کی، ہمیں پی ٹی اے نے سماعت کا بتایا لیکن وہاں گئے تو مشاورتی اجلاس ہوا، دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔