ہانگ کانگ: (روزنامہ دنیا) دانتوں میں برش کرنے کے دوران اکثر پچھلے دانت اچھی طرح صاف ہونے سے رہ جاتے ہیں، اب اس مسئلے کے حل کے طور پر ایک خودکار ٹوتھ برش تیار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ برش میں کئی چھوٹے برش ہر دانت تک پہنچ کر اس کی گہری صفائی کرتے ہیں۔ ہم دانت صاف کرتے ہوئے دانتوں کے اہم حصے یعنی مسوڑھوں کو فراموش کردیتے ہیں جبکہ یہ روبوٹ ٹوتھ برش مسوڑھوں کی بھی اچھی طرح صفائی کرتا ہے۔
یہ برش گھوڑے کی نعل کی طرح خمیدہ ہے جو اوپر اور نیچے کے دانتوں سے گویا چپک جاتا ہے اورپوری بتیسی کو گہرائی سے صاف کرتا ہے۔ اس برش کی سب سے خاص بات پچھلے دانتوں کی ساخت کے مطابق بنایا گیا ہے، اس کے ننھے برش خودکار انداز میں دانتوں کے کناروں میں لگا میل کچیل بھی اتار دیتے ہیں۔ اس کیلئے برش پر دباو ڈالنے کی ضرورت نہیں، آگے پیچھے ہونے کے نظام کے سبب برش دانتوں میں چھپے گوشت کے ریشے یا دیگر ذرات کو نکال باہر پیھنکتا ہے۔
اس برش سے زیادہ دیر تک دانت چمکانے کی ضرورت باقی نہیں رہی، یہ صرف 30 سیکنڈ میں اپنا کام مکمل طور پر سر انجام دیتا ہے۔ ایک دفعہ چارجنگ کے بعد یہ روبوٹ برش 25 مرتبہ دانت صاف کر سکتا ہے۔