سائنسدانوں نے لکڑی سے بنا شفاف شیشہ ایجاد کرلیا

Published On 08 October,2020 12:56 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی زرعی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہلکی پھلکی لکڑی کو کئی مراحل سے گزار کر انتہائی شفاف بنا دیا ہے اور اس ماحول دوست شیشے کو استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق یو ایس ڈی اے کے ماہرین نے کئی اداروں کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کئی برس تک اس پر کام کیا ہے۔ اب اس ٹیم کا کہنا ہے کہ شفاف شیشہ مکمل طور پر درخت کے اجزا سے تیار کیا گیا ہے جس کیلئے بالسا درخت کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 

توقع ہے کہ اس طرح سے تیارشدہ شیشے ہلکے، ارزاں اور بہت حد تک ماحول دوست ہوں گے۔ دوسری جانب وہ حرارت جذب کرکے گرمی میں کسی کمرے کو تندور بنانے کے بجائے ٹھنڈا رکھیں گے کیونکہ اس سے حرارت کا تبادلہ بھی ممکن ہو گا۔ تمام فوائد کے باوجود لکڑی کے شفاف شیشے کو بڑی مقدار میں بنانے کیلئے مزید وقت اور ٹیکنالوجی درکار ہو گی۔

ماہرین نے طویل ریسرچ کے بعد بالسا کی لکڑی کو آکسیڈائزنگ کے عمل سے گزارا اور مختلف اقسام کی بلچنگ سے شیشے کو ممکن حد تک شفاف ترین بنا دیا، بعد ازاں پولی وینائل الکحل سے گزارا گیا جس کے بعد حتمی پراڈکٹ تیار کی گئی۔

اس شیشے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ عام شیشے کی طرح یہ ٹوٹ کر نقصان پہنچانے والی نوکدار کرچیوں میں نہیں بکھرتا، اور مزید دلچسپ کہ اسے موڑا بھی جا سکتا ہے۔
 

Advertisement