بچوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کیلئے پاکستان میں گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز

Published On 28 October,2020 05:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گوگل نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیلی کام فاؤنڈیشن، ورچوئل یونیورسٹی اور ٹیک ویلی کے اشتراک سے پاکستان میں گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے سی ایس فرسٹ پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔

سی ایس فرسٹ پروگرام فری کمپیوٹر سائنس سلیبس پر مبنی ہے جس کے تحت بچوں کو کمپیوٹر سائنس نالج کی آگاہی دینے کے ساتھ انہیں ڈیجیٹل مہارتیں بھی سکھائی جائیں گی۔

ابتدائی طور پر سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں قائم ٹیلی کام فاونڈیشن کے سکولوں سے کیا گیا ہے۔ سی ایس فرسٹ پروگرام سے سکول کی سطح پر کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ اس پروگرام کو جلد ہی تمام سکولوں تک توسیع دی جائے گی۔ پروگرام کا مقصد بچوں کو ابتدائی کلاسوں سے ہی کمپیوٹر پروگرامز سے آگاہی دینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت یہ پروگرام پاکستانی بچوں کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ ڈیجیٹل ورلڈ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اس طرح کے پروگرامز وقت کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس طرز کے پروگرامز کو پسماندہ اوردور دراز علاقوں تک توسیع دی جائے۔ سی ایس فرسٹ پروگرام میں کھیل ہی کھیل میں بچوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جا سکے گی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ بہتر مستقبل کیلئے ابتدا ہی سے ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کی بنیاد ڈالنا ضروری ہے۔ اس پروگرام سے سٹوڈنٹس کو بہت فائدہ ہوگا بلکہ ان کی ڈیجیٹل سکلز میں اضافہ بھی ہوگا۔