ایک ہی وقت میں پہیوں اور ٹانگوں والا روبوٹ

Published On 29 October,2020 12:21 pm

ٹیکساس: (روزنامہ دنیا) چھوٹے کارآمد روبوٹس پر دنیا بھر میں کام جاری ہے اور اب امریکہ سے ایسے روبوٹ کے بارے میں خبرآئی ہے جن کے پہیے ضرورت کے وقت روبوٹ کی ٹانگوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کو ایلفا والٹر کا نام دیا گیا ہے جسے ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ یہ امریکا کی مشہور ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی کا منصوبہ ہے جس کے تحت بہت سارے روبوٹ کی ایک فوج بنائی جائے گی جسے آف سیٹ سپرنٹ 5 روبوٹکس پروگرام کا نام دیا گیا ہے۔

یہ روبوٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اورہموار سطح پر پہیوں سے دوڑتا ہے لیکن کسی رکاوٹ یا زینہ سامنے آنے پر اس کے پہیے کھل جاتے ہیں اور وہ ٹانگیں بن کر اسے اوپر چڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ایجنسی کا خیال ہے کہ یہ روبوٹ بہ یک وقت عسکری اور غیرفوجی مقاصد کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فوجی مقاصد کیلئے پہلے بھی ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے روبوٹس بنائے گئے ہیں جو میدان جنگ میں دشمن کو خاصا نقصان پہنچانے کی اہلیت رکھتے ہیں، ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ چاروں طرف نگاہ رکھتے ہوئے کنٹرول روم کو معلومات بھی فراہم کرتے رہتے ہیں جس سے ایک طرف تو سپاہی کا کام سر انجام دیتے ہیں اور دوسرا سپائی سولجر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، انسان سے ہیئت مختلف ہونے کے سبب ان کا دشمن کی نظروں میں آنا بھی اتنا آسان نہیں، اور اگر یہ پکڑے جانے کی صورت میں انہیں تباہ بھی کر دیا جائے تو جانی نقصان نہیں ہوتا۔