پاکستان میں فائیو جی سے بہت جلد ٹیکنالوجی کا انقلاب آئے گا: وفاقی وزیر فواد چودھری

Published On 10 November,2020 05:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت جلد فائیو جی سے ٹیکنالوجی کا انقلاب آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنس نے ہماری طرز زندگی سمیت پوری دنیا کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ ٹیکنالوجی کی ترقی سے فاصلے سمٹ چکے ہیں۔ تعلیمی اداروں کو ملک میں جدید علم کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ دنیا کے مستقبل کا دارومدار سائنس و ٹیکنالوجی میں پیشرفت پر منحصر ہے۔ اس سیکٹر میں خواتین اور لڑکیوں کی شمولیت ضروری ہے۔

وہ سائنس کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، یونیسکو اور کامسیٹس اور پاکستان اکیڈمی آف سائنس کے اشتراک سے کومسٹیک سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کا مستقبل سائنس کی ترقی سے وابستہ ہے۔ اگر ہم نے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے تو ہمارے بچوں کو سائنس کی طرف آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی بھی کمی نہیں، ملک میں نوجوان نسل کو انٹرنیٹ سمیت مختلف سہولتیں حاصل ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر سائنس اور ٹیکنالوجی کے جدید علوم سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ مستقبل میں وہی ممالک آگے جائیں گے جن کا مسقبل علم،تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔

فواد چودھری نے بڑی طاقتوں سے اپیل کی کہ انھیں ویکسین پر اجارہ داری نہیں قائم کرنا چاہیے۔ امیر ممالک نے 0.5 ارب ویکسین کا آرڈر دے رکھا ہے۔ اگر یہ امیر ممالک ویکسن حاصل کریں تو ترقی پزیر ممالک اس سے محروم رہ جائیں گے، جو سائنس وٹیکنالوجی پر اجارہ داری کے مترداف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی چلینجز کا مقابلہ کیا اور اس وقت بھی کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں لیکن جب پہلا کورونا کے کیس سامنے آئےتو پانچ ماہ تک ہم نے چین سے طبی سازوسامان درآمد کیں۔ تاہم ہمارے سائنسدانوں کی دن رات کاوشوں سے پاکستان اب اپنے ماسکس، سنیٹائزر کٹس اور وینٹی لیٹرز مختلف ممالک کو برآمد کر رہا ہے۔