اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام سید امین الحق نے کہا ہے کہ ہماری منسٹری نے ایکسپورٹ بڑھائی، ٹارگٹ ہے کہ پاکستان میں ہر شخص کے پاس سمارٹ فون ہو۔
انہون نے بات کالا شاہ کاکو میں ورچوئل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے وہاں نئے تعمیر ہونے والے جنامک سینٹر میں کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ لاہور شہر سے 50 کلو میٹر دور کالا شاکاکو میں اس یونیورسٹی کے قیام سے یہاں کے لوگوں کو بہترین تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم کے فروغ میں بہت سنجیدہ ہے۔ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے۔ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام اس سلسلہ میں دن رات کام کر رہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم تمام پہلوؤں کو نیک نیتی سے حل کیلئے ایسے کام کر رہے جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں، اسی سلسلہ میں صدر مملکت کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس کے بہترین نتائج سامنے آئے۔ ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے میدان میں ملک آگے جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلیم کا بجٹ کم ہے۔ کوشش ہے کہ پاکستان کا 10 فیصد جی ڈی پی تعلیم پر خرچ ہو۔ ہمارا نوجوان ترقی یافتہ ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے۔ آئی ٹی فیلڈ میں لوگوں کی ہنرمند بنانا مقصد ہے۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے کہ ہمارے نوجوانوں لوگ ورچوئل یونیورسٹی کی طرف آ رہے ہیں۔ کم آمدنی والے لوگوں کو تعلیم فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ہمت دینا ہے کہ وہ پڑھائی کے ساتھ کام بھی کر سکیں۔ خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانا ضروری ہے۔ کوشش ہے کہ خواتین کا رول بڑھایا جائے۔ ملک کی 54 فیصد آبادی خواتین کی ہے۔