کراچی میں ترکی کے تعاون سے ٹرام سروس دوبارہ چلانے کا منصوبہ

Published On 05 November,2020 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ خبریں ہیں کہ شہر قائد میں اب ترکی کے تعاون سے دہائیوں کے بعد دوبارہ ٹرام سروس چلانے کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے کراچی ایڈمنسٹریٹر افتخار علی شلوانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی جانب سے شہر قائد میں ٹرام سروس چلانے کی پیشکش کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ نے اس منصوبے کو دوبارہ سے چلانے کیلئے غور شروع کرتے ہوئے اس پر کام شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ دن قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹرام سروس کا ممکنہ روٹ ابتدائی طور پر 9 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔

افتخار احمد شلوانی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ ٹرام سروس کو میٹروپول سے چندریگر روڈ تک چلایا جائے۔


خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں ترکی کے قونصل جنرل نے کراچی انتظامیہ کو پیشکش کی تھی کہ وہ ٹرام سروس کو دوبارہ چلانے کیلئے تمام ممکنہ مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔