پاکستان اور سعودی عرب کا ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق

Published On 02 November,2020 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے دو طرفہ ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر انفارمیشن وٹیکنالوجی انجینئر عبداللہ السواحہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دو طرفہ ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزراء نے پاک سعودی، دو طرفہ ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کی توجہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے: وزیر خارجہ

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی وزیر خارجہ کا سعودی وزیر کمیونیکیشن سے ویڈیو کال پر رابطہ ہوا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیا جو دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبدوں میں بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات کی بنیاد ہے۔

وزیر خارجہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کی ڈیموگرافی میں نوجوانوں کی تعداد نمایاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے اور دنوں ملکو ں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے جو دونوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے۔

سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بھی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو قریبی برادر ملک قرار دیا۔ دونوں وزار نے دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔