اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کی ہے جو جدید ڈیجیٹل دور کی ضرورت ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئرعبداللہ عامر السواحہ سے ویڈیو کال پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیا جو دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبدوں میں بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات کی بنیاد ہے۔
وزیر خارجہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کی ڈیموگرافی میں نوجوانوں کی تعداد نمایاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے اور دنوں ملکو ں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے جو دونوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے۔
سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بھی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو قریبی برادر ملک قرار دیا۔ دونوں وزار نے دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔