کلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے فائیو جی ٹیکنالوجی سے آراستہ اپنا نیا آئی فون 12 صارفین کیلئے متعارف کرا دیا ہے۔ نئے آئی فون کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے پیش کیا جانے والے آئی فون 12 کے کنارے ہموار رکھے گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ہیڈ فون اور چارجر کیلئے صارفین کو الگ سے رقم ادا کرنا پڑے گی۔ آئی فون پرو میکس اور آئی فون منی کے آرڈر 6 نومبر سے شروع ہوں گے جبکہ اس کی مارکیٹ میں دستیابی 13 نومبر کو ہوگی۔ خبریں ہیں کہ امریکا اور چین سمیت دیگر ملکوں میں آرڈرز 16 اکتوبر سے شروع ہونگے۔
ایپل کمپنی کی جانب سے نئے آئی فون کی قیمت 799 ڈالر جبکہ آئی فون منی کی قیمت 699 ڈالر رکھی گئی ہے۔ آئی فون پرو کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہو گی جبکہ پرومیکس کی قیمت ایک ہزار 99 ڈالر سے لے کر 1399 ڈالر ہوگی۔
نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی فون بیٹری کی مدد سے 15 گھنٹے تک ویڈیو چلانے کی صلاحیت اس فون کا خاصہ ہے۔ میگ سیف باڈی اور مزید مضبوط سرامک ڈسپلے کے ساتھ وائرلیس چارجنگ اور نینو سم کے ساتھ ساتھ ای سم کی وجہ سے نئے سیٹس ڈوئل سم ہیں۔
تمام سیٹس میں نصب کیمرے 12 میگاپکسل کے ہیں۔ نئے آئی فون سیٹس کے سامنے کا کیمرہ بھی 12 میگاپکسل کا ہے جب کہ ویڈیو کیپچرنگ کا ریشو فور کے رکھا گیا ہے۔
آئی فون 12 کا پرو ورژن تین کیمروں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، اس کا ڈسپلے سائز آئی فون 12 جتنا ہی ہے البتہ وزن معمولی سا زیادہ ہو گا۔ سب سے بڑے سیٹ ’آئی فون پرومیکس’ کا ڈسپلے سائز چھ اعشاریہ سات انچ رکھا گیا ہے۔
آئی فون 12 اور آئی فون منی قیمت کے لحاظ سے نسبتا کم ہیں، دونوں سیٹس میں عقبی جانب دو کیمرے ہیں۔ جب کہ پرو ماڈلز توقع کے مطابق زیادہ قیمت کے ساتھ سامنے لائے گئے ہیں۔
ان دونوں سیٹس میں تین کیمروں کے ساتھ آبجیکٹ ڈیٹیکشن اور ماڈلنگ کے لیے خصوصی سکینر بھی موجود ہے۔ آئی فون 12 چھ اعشاریہ ایک انچ ڈسپلے کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ جب کہ آئی فون 12 کا منی ورژن پانچ اعشاریہ چار انچ ڈسپلے کا حامل ہے۔