جارجیا: (روزنامہ دنیا) خاتون سائنسدان نے چھوٹے روبوٹ سے کینوس پر مصوری تخلیق کرنے کا کام لیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مصور ان روبوٹس کو قابو کرتے ہوئے اپنی پسند کے ڈیزائن بھی بنا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ماریہ سانتوس نے ایک سسٹم بنایا ہے جسے دیگر فن کار بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس میں کمپیوٹر کے ذریعے کینوس کا علاقہ منتخب کرکے روبوٹ کو چلایا جاتا ہے۔
ہرروبوٹ پر اپنی پسند کا رنگ لگایا جا سکتا ہے، جیسے جیسے روبوٹ آگے بڑھتا ہے یوں کینوس پر رنگ بکھرتے جاتے ہیں۔ اس طرح ایک ساتھ 12 روبوٹ بہت تیزی سے فن پارے تخلیق کرسکتے ہیں۔
ماریہ سانتوس کہتی ہیں کہ ہم نے اس اختراع سے مصور کی رنگوں کی تھالی کو بڑھا دیا ہے۔ ایک سے زائد روبوٹ مل کر انسانی مصور کی استعداد کو بڑھاتے ہیں۔ اس طرح روبوٹ اور کمپیوٹر سے عمدہ تخلیقات کی جاسکتی ہیں۔