ٹک ٹاک سے پابندی جلد ہٹا لی جائے گی: وفاقی وزیر آئی ٹی

Published On 15 October,2020 12:35 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف نکلے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں الیکٹرک شیئرنگ بائیک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہے، پابندی کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ کو کچھ گائیڈ لائنز دی ہیں، انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، مکینزم طے ہونے کے بعد ٹک ٹاک پر سے پابندی اٹھالی جائے گی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پرپابندی کے خلاف درخواست پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری کردیا ہے، درخواست گزار نے ٹک ٹاک پر پابندی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ پی ٹی اے نے 9 اکتوبرکو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر پریس ریلیزز کے ذریعے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی۔