سانولی رنگت اور موٹاپے کا مذاق بنانا ختم کریں: آمنہ الیاس

Published On 15 October,2020 10:39 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس نے کا کہنا ہے کہ سانولی رنگت اور موٹاپے کا شکار افراد کی ہمیشہ تذلیل کی جاتی ہے، وہ جہاں جاتے ہیں اُن کا مذاق اُڑایا جاتا ہے اور اُن کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو اپنے سانولے رنگ اور موٹے جسم کو شرمندگی کا باعث سمجھتے ہیں، میں ہمیشہ اُن کیلئے آواز بلند کرتی نظر آئی ہوں، اُن کا کہنا ہے کہ سانولے رنگ یا موٹاپے کو مذاق بنانا اب ختم ہوجانا چاہیے۔

آمنہ الیاس نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے منفرد انداز اپناتے ہوئے سانولی رنگت اور موٹے افراد کا مذاق اُڑانے والوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹاپا ایک بیماری ہے اور جب تک میں زندہ ہوں میری اس سے جنگ ہے۔ اس دوران دروازہ کھلا اور ایک خاتون نے اندر داخل ہو کر کہا، آمنہ کوئی آیا ہے۔ اداکارہ نے پوچھا، کون ہے امی جس پر خاتون نے کہا کہ ‘وہی کالا موٹا تیرا دوست’۔

اس ویڈیو کا اصل مقصد لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ گہری رنگت اور جسمانی ساخت کے حوالے سے دوسروں پر رکیک الفاظ اچھالنا درست عمل نہیں، ہمارے معاشرے میں یہ رجحان عمومی پایا جاتا ہے کہ لوگوں کو رنگت اور جسامت کے حوالے سے اتنی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ وہ خود ہی شرمندگی محسوس کرنے لگتے ہیں۔