خواہش ہے امریکی کمپنیاں پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی لائیں: وزیر اطلاعات

Published On 15 October,2020 08:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات ونشریات سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریگا اور اس بات کا خواہشمند ہے کہ یہ کمپنیاں ملک میں جدید ٹیکنالوجی لائیں گی۔

انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں امریکا کی ناظم الامور اینجلا ایگیلر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد کے لئے تمام شعبوں میں تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

امریکی ناظم الامور نے اس موقع پر کورونا کے چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک امریکا اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے وزیر اطلاعات کے نکتہ نظر کا خیر مقدم کیا ۔

وزیر اطلاعات نے ناظم الامور کے اس نکتہ نظر سے اتفاق کیا کہ جہاں کورونا نے رابطے کے روایتی ذریعوں کو متاثر کیا ہے وہاں ڈیجیٹل روابط سمیت نئے ذرائع کو فروغ بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل رسائی سے جاری آن لائن کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل میں مدد ملی جو تجارت اور کاروبار کے لئے فائدہ مند ہے اور یہ ہمارے لئے سیکھنے کا ایک بڑا تجربہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے امریکی ناظم الامور کو بتایا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے بل پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد ذرائع ابلاغ کی آزادی کو مستحکم کرنا اور صحافیوں کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ذرائع ابلاغ کو وقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے تحت جدید بنانا چاہتے ہیں اور اس کیساتھ ساتھ ہم پاکستان آنیوالے عالمی ذرائع ابلاغ کا خیرمقدم بھی کرتے ہیں۔