صدر مملکت کی ای لرننگ کیلئے فاصلاتی تعلیم کی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

Published On 04 November,2020 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ای لرننگ کی حوصلہ افزائی اور فروغ کیلئے جلد فاصلاتی تعلیم کی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای لرننگ سے معاشرہ کے کمزور طبقات خصوصاً دیہی علاقوں کے طلبا کو بہت فائدہ ہو گا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق وہ بدھ کو ورچوئل یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی مواصلات سید امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹی سیکرٹری تعلیم بورڈ آف گورنرز کے ممبران اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے بورڈ آف گورنرز کے نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں ای لرننگ کی حوصلہ افزائی اور فروغ کیلئے جلد فاصلاتی تعلیم کی پالیسی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای لرننگ سے معاشرے کے کمزور طبقات خصوصاً دیہی علاقوں کے طلباء کو بے حد فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی میں اپنی خدمات کا دائرہ کار دیہی علاقوں تک پہنچانے کی صلاحیت موجود ہے، امید ہے کہ نومنتخب ممبران گڈ گورننس اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔