پاکستان میں جلد فائیو جی ٹیکنالوجی آ جائے گی، وزیر آئی ٹی نے نوید سنا دی

Published On 06 November,2020 05:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی میں تیزی آرہی ہے جبکہ پاکستان میں بھی آرٹیفیشل سیکیورٹی،سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ جلد فائیو جی ٹیکنالوجی بھی پاکستان میں آئے گی۔

تفصیل کراچی کی سرسید یونیورسٹی آف انجینئیرنگ ٹیکنالوجی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر پروگرام میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق شریک ہوئے، جہاں انہوں نے طلبہ کے مختلف سٹالز کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے ہنرمند نوجوان اپنے ملک کو بھرپور فائدہ دے سکتے ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں مکمل سپورٹ دی جائے گی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں لانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم کا وژن ڈیجیٹل پاکستان ہے۔ ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں 44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔