روس: (روزنامہ دنیا) گوشت کے لوتھڑوں جیسی نوکیلی دانتوں والی والرس اگرچہ ساتھ رہتی ہیں لیکن ایک ہی مقام پر ہزاروں والرس کو ایک تنگ مقام پر موجود دیکھ کر خود ماہرین بھی حیران ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی سائنسدانوں نے شمالی روس میں آرکٹک خطے کے کنارے کارا سمندر میں ایک ہی جگہ بہت ساری والرس کو ایک دوسرے پر گرے ہوئے دیکھا ہے جو یا تو ان کے قدرتی مسکن کی تباہی کو ظاہر کرتا ہے یا پھر سکڑتی ہوئی برف اور موسمیاتی تبدیلیوں کی جانب اشارہ کررہا ہے ۔
ماہرین نے والرس کو کھیلتے یا کودتے ہوئے دیکھنے کے بجائے انہیں خوفزدہ دیکھا ہے ۔ روسی سائنسدان الیکزینڈر کہتے ہیں کہ اس سے ایک امید بھی پیدا ہوئی کہ شاید یہ جانور بدلتے ماحول کے تحت خود کو بدل رہا ہے لیکن اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے ۔ سائنسدانوں نے ان پر ریڈیو ٹیگ لگائے ہیں اور ڈی این اے کے نمونے بھی لیے ہیں۔