چینی کمپنی نے ٹیسلا کی ٹکر کی الیکٹرک گاڑی بنانے کا اعلان کردیا

Published On 24 March,2021 10:19 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی مینوفیکچرنگ کمپنی نے ایلون مسک کی گاڑی ٹیسلا کو ٹکر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان چین کی کار ساز کمپنی ‘ گیلی’ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ‘گیلی’ کمپنی کے زیر ملکیت لوٹس اور وولوو جیسی بڑی کمپنیاں بھی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے اعلان کیا ہے کہ ملکی سطح پر امریکی کمپنی ٹیسلا کو ٹکر دینے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلد ہی چین میں الیکٹرک کاریں تیار ہونا شروع ہو جائیں گی۔

چینی کمپنی کو امید ہے کہ 2021ء کی تیسری سہ ماہی میں ملک میں تیار الیکٹرک کاروں کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔

کمپنی کی جانب اس الیکٹرک کار کو ‘زیکر’ کا نام دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جاپانی کمپنی نیسان نے اعلان کیا تھا کہ اس کا نیا الیکٹرک کاروں کا برانڈ  وویا  جولائی میں چینی صارفین کو کاروں کی فراہمی شروع کر سکتا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین چاہتا ہے کہ سنہ 2025ء تک چین میں فروخت ہونے والی ہر پانچ گاڑیوں میں ایک الیکٹرک کار ہو۔

گیلی نے اپنی گاڑیوں کی تیاری کیلئے جو سٹریٹیجی اپنائی ہے اس کے تحت سب سے پہلے کاروبار کے لیے چینی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کی جائے گی لیکن پریمیئم الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب کے پیش نظر اس کی بیرون ملک منڈیوں میں بھی لے جایا جائے گا۔
 

Advertisement