خیبرپختونخوا میں خوراک سے وابستہ کاروبار کی جیوٹیگنگ کا عمل شروع

Published On 01 April,2021 09:27 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خوراک سے وابستہ کاروبار کی جیوٹیگنگ کا عمل شروع کر دیا گیا، پشاورکے بعد مردان اوردیگراضلاع میں جیوٹیگنگ شروع کی جائیگی، شہری کہتے ہیں افسران دفاترسےنکل کر میدان میں آئیں۔

خیبر پختونخوا میں اشیائے خورونوش کے کاروبار کی چیکنگ کےلیے جیو ٹیگنگ کا عمل شروع کردیا گیا، حکومت کے اس اقدام سے شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق پشاورمیں صرف 27 دنوں میں خوراک سے وابستہ 17،000 کاروباروں کو جیو ٹیگ کیا گیا جس پر94 ہزار روپے خرچ کئے گئے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق پشاور کے بعد مردان میں جیوٹیگنگ شروع کردی گئی ہے جس کے بعد دیگر اضلاع میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کا تمام ڈیٹا حاصل کیا جائیگا۔

جیو ٹیگنگ سے اشیائے خورونوش کے انسپیکشن میں بہتری آئےگی جبکہ ہر یونٹ کا تین مہینوں میں کم ازکم ایک بار معائنہ یقینی بنایا جائیگا، شہریوں نے بھی اقدام کوجہاں سراہا وہیں عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زوردیا۔

جیوٹیگنگ سے فوڈ اتھارٹی کے ساتھ خوراک سے وابستہ کاروباروں کی رجسٹریشن میں بھی اضافہ ہوگا، عوامی شکایات کی شنوائی کے لئےٹال فری اورواٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔
 

Advertisement