موسم خراب ہو یا ٹریفک جام،سمارٹ آئینہ سب بتانے کیلئے تیار

Published On 03 January,2022 06:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹیکنالوجی میں آئے روز جدت اور نئی چیزوں کی ایجاد نے انسانی زندگی کو کافی حد تک آرام دہ بنادیا ہے اور اسی تناظر میں 'سمارٹ آئینہ' تیار کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ایسا سمارٹ آئینہ تیار کرلیا گیا ہے جو کہ صبح کا موسم بتاتا ہے، دفتر سے گھر جاتے ہوئے ٹریفک جام اور خبروں کی اطلاع دے سکتا ہے اور تفریح کے لیے موسیقی اور گانے بھی چلا سکتا ہے۔

اس اہم ایجاد کو کنزیومر الیکٹرک شو 2022 کی طرف سے "انوویشن" ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سمارٹ مرر کی پشت پر طاقتور واٹر پروف سپیکر نصب ہیں جو اعلیٰ معیار کی سٹیریو آواز خارج کرتے ہیں۔ اس طرح اسے شادی ہالوں، ہوٹلوں، تفریحی مقامات اور عجائب گھروں میں آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جہاں تک حالات حاضرہ اور خبروں کا تعلق ہے یہ ایمیزون کی وائس انفارمیشن سروس Alexa سے منسلک ہے۔ پھر اسے ایک وائس انٹرنیٹ سمجھیں جہاں آپ درجہ حرارت پوچھ سکتے ہیں، پاکستانی خبریں سن سکتے ہیں یا اپنے پسندیدہ گلوکار کا نیا گانا بھی سن سکتے ہیں۔ یہ آپ کے آرڈر پر تمام معلومات فراہم کرتا ہے۔

اس کا ڈیزائن اتنا خوبصورت ہے کہ اسے ڈرائنگ روم سے لے کر بیڈ روم تک کہیں بھی لگایا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب اس میں وائی فائی، بلیو ٹوتھ، ایپل میوزک سے منسلک ہونے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس میں پہلے سے ہی الیکسا وائس اسسٹنٹ موجود ہے۔

جب میوزک چل رہا ہو تو خیال آتا ہے کہ آواز آئینے سے آ رہی ہے لیکن اصل خوبصورتی پشت پر نصب شاندار سپیکر ہے جو ہر زاویے سے آواز کو بکھیر دیتا ہے۔ دوسری جانب ایک ایپ کی بدولت فون سے پورے سسٹم کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement