لاہور:(ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپ ممبران کی حد 256 سے بڑھا کر 512 کر دی ہے۔
واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت کے مد نظر آئے روز نت نئے فیچرز لاتا رہتا ہے اور اس ایپلی کیشن میں تبدیلیاں کرتا رہتا ہے۔
اسی تناظر میں پیغام رسانی کا پلیٹ فارم بہت ساری نئی خصوصیات بھی لا رہا ہے جس میں فائلوں کو شیئر کرنے کی حد کو 2 جی بی تک بڑھانا اور پیغامات پر ایموجی ردعمل شامل ہیں۔
واٹس ایپ جلد ہی آپ کو گوگل ڈرائیو پر محفوظ بیک اپ ایکسپورٹ کرنے کی سہولت دے گا اورپیغامات بھیجنے کے بعد ان میں ترمیم کا آپشن بھی شامل کر رہا ہے، یہ فیچر صارفین کو ایک نیا ٹیکسٹ میسج لکھے بغیر اپنے پیغامات میں ٹائپنگ کی غلطیوں کو دور کرنے میں مدد کرے گا۔
میٹا کی ملکیت والی ایپ نے حال ہی میں ایموجی ری ایکشنز بھی متعارف کرائے ہیں تاکہ لوگوں کوان مخصوص پیغامات کے بارے میں فوری طور پراپنے جذبات کا اظہار کرنے میں مدد ملے۔
واٹس ایپ مبینہ طورپر ڈیلیٹ کیے گئے پیغامات کے لیے ایک نئے اَن ڈو آپشن (undo) کی جانچ بھی کررہا ہے، سوشل میڈیا ایپ نے اس مہینے کے شروع میں بھیجے جانے کے بعد پیغامات میں ترمیم کا ایک آپشن بھی شامل کیا تھا۔
یہ فیچرز بڑے پیمانے پر متعارف کرائے گئے ہیں لیکن کچھ صارفین کو اپنے واٹس ایپ پر انہیں دیکھنے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔