واٹس ایپ صارفین اب اپنا ڈیلیٹ کیا ہوا میسج پڑھ سکیں گے

Published On 20 December,2022 07:20 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے غلطی سے ڈیلیٹ کیے گئے اپنے میسج کو چیٹ ونڈو پر واپس لانے کا فیچر متعارف کرائے جانے کی تصدیق کردی۔

ایپلی کیشن نے یہ فیچر دسمبر کے آغاز پر متعارف کرایا تھا لیکن تمام صارفین کی اس فیچر تک رسائی ممکن نہیں تھی، اب واٹس ایپ کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ یہ زبردست فیچر ڈیسک ٹاپ ، اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ صارفین جلد بازی میں چیٹ کے دوران کسی پیغام کو ڈیلیٹ فار ایوری ون کی بجائے ڈیلیٹ فار می کردیتے ہیں جس سے پیغام ہمیشہ کے لیے حذف ہوجاتا ہے اور جس کو میسج غلطی سے گیا ہوتا ہے وہ پڑھ لیتا ہے۔

مگر نئے فیچر سے صارفین کو اس پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا کیونکہ اب جب آپ کسی میسج کو غلطی سے ڈیلیٹ فار می کریں گے تو اسے دوبارہ اپنی اسکرین پر بھی واپس لاسکتے ہیں۔