ٹویٹر کے 200 ملین سے زائد صارفین کے ای میل ایڈریس ہیک ہونے کا دعویٰ

Published On 06 January,2023 07:27 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) اسرائیلی سائبر سکیورٹی ماہر ایلون گال نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیکرز نے ٹویٹر کے 200 ملین سے زیادہ صارفین کے ای میل ایڈریس حاصل کر لیے ہیں اور انہیں ہیکنگ فورم پر آن لائن پوسٹ کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ کمپنی ہڈسن راک کے شریک بانی ایلون گال نے کہا کہ اس خلاف ورزی کے نتیجے میں افسوسناک حد تک ہیکنگ، ٹارگٹ فشنگ اور ڈاکسنگ ہو گی۔

گال نے ابتدائی طور پر 24 دسمبر کو سوشل میڈیا پر اس خبر پر تبادلہ خیال کیا لیکن اس کے بعد سے نہ تو ٹویٹر اور نہ ہی خلاف ورزی کے حوالے سے پوچھ گچھ پر کوئی تبصرہ موصول ہوا، ٹویٹر نے مسئلہ کو دیکھنے یا حل کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں اس بارے ابھی کچھ واضح نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ایک ڈیٹا ہیکر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے پاس ٹویٹر کے 400 ملین صارفین کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس دعوے کے بعد ایک واچ ڈوگ نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔