پیشگی ادائیگی کے باوجود فون ڈیلیور نہ کرنیوالی آن لائن کمپنی پر جرمانہ

Published On 05 January,2023 07:49 am

نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) آن لائن خریداری کرنا آسان اور خطرناک دونوں ہے، خاص طور پر اگر آپ کوئی مہنگی چیز خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ماضی میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جن میں صارف آن لائن پلیٹ فارم سے پروڈکٹ کا آرڈر دیتا ہے لیکن اسے کبھی ڈیلیور نہیں کیا جاتا ایسا ہی کچھ بھارتی ریاست بنگلور کی رہائشی دیویا شری جے نامی خاتون کے ساتھ ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دیویاشری جے، جو بنگلورو کے راججی نگر کی رہائشی ہے، نے 15 جنوری 2022 کو ای کامرس پلیٹ فارم سے 12,499 روپے کا فون آرڈر کیا لیکن اسے کبھی فون نہیں پہنچا،خاتون نے متعدد بار فلپ کارٹ کے ساتھ رابطہ کیا لیکن ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

خاتون نے کوئی جواب نہ ملنے کے بعد ای کامرس پلیٹ فارم کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر بنگلورو اربن ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈرسل کمیشن نے کمپنی کو گاہک کی طرف سے پیشگی ادائیگی کرنے کے بعد بھی آرڈر فراہم کرنے میں ناکام رہنے پر جرمانہ عائد کر دیا۔

کمیشن نے اپنے حالیہ فیصلے میں کمپنی کو موبائل کیلئے ادا کی گئی رقم ، 12 فیصد سالانہ سود اور 20,000 روپے جرمانے کے ساتھ 10,000 روپے قانونی اخراجات کی مدد میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

کمیشن نے کہا کہ فلپ کارٹ نے نہ صرف سروس کے معاملے میں مکمل غفلت کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ غیر اخلاقی طریقوں کی بھی پیروی کی ہے۔، کسٹمر کو مالی نقصان اور ذہنی صدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ فون ٹائم لائن کے مطابق نہیں پہنچایا گیا تھا جبکہ گاہک اسے فون ڈیلیور کیے بغیر قسطیں ادا کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ یہ پہلا واقع نہیں ہے کہ آن لائن خریداری کرنے والے کسی صارف کے ساتھ ایسا کچھ ہوا ہو۔ لہذا، اگر آپ بھی خریدار کے شوقین ہیں اور آن لائن شاپنگ کے عادی ہیں تو بہت محتاط رہیں، آن لائن خریداری سے پہلے آپ کو کچھ چیزیں ذہن میں رکھنی چاہئیں۔