ایما زون کے بعد مائیکرو سافٹ کا بھی ملازمین کی برطرفیوں کا اعلان

Published On 19 January,2023 09:18 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)ایما زون کے بعد مائیکرو سافٹ نے بھی بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں کساد بازاری کے باعث ای کامرس کمپنی ایمازون کے بعد مائیکروسافٹ نے اپنے ملازمین کی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے کمپنی ملازمین کے 5 فیصد کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو کہ تقریباً11 ہزار بنتا ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی سہ ماہی تک ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنا ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ملازمتیں ختم کرنے سے مائیکروسافٹ کو 1.2 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا اور ہر شیئر کے منافع پر 12 سینٹ کمی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایمازون کا ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع کرنیکا فیصلہ

پچھلے سال جولائی میں مائیکروسافٹ نے کہا تھا کہ مختصر تعداد میں ملازمتیں ختم کی گئی ہیں لیکن امریکی میڈیا ادارے نے بتایا تھا کہ مائیکروسافٹ نے ایک ہزار ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

کورونا وبا ختم ہونے کے بعد سے مائیکروسافٹ کی ونڈوز اور دیگر سافٹ ویئرز کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایمازون نے تقریباً20 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی نے گزشتہ برس نومبر میں ہی ملازمین کو آگاہ کر دیا تھا۔
 

Advertisement