واشنگٹن: (ویب ڈیسک)ٹوئٹر کے آئیکونک بلیو برڈ لوگو کو ایک کرپٹو کرنسی ڈوگی کوائن کے لوگو سے تبدیل کیا گیا ہے۔
یہ سب کمپنی کے مالک ایلون مسک کی جانب سے اپریل فول کو تاخیر سے منانا نظر آتا ہے اور امکان یہی ہےکہ کچھ وقت کے بعد بلیو برڈ لوگو واپس آجائے گا، کیونکہ یہ تبدیلی صرف ویب ورژن پر ہوئی ہے، موبائل ایپ میں نہیں۔
ٹوئٹر کے ہوم پیج پر ہی بلیو برڈ کا لوگو تبدیل نہیں ہوا بلکہ جب ویب سائٹ کو اوپن کرنے پر لوڈنگ اسکرین کی جگہ اس کتے کی تصویر نظر آتی ہے، ایلون مسک نے اس تبدیلی کے حوالے سے ٹوئٹ بھی کی۔
— Elon Musk (@elonmusk) April 3, 2023
ایلون مسک نے تو اس عارضی تبدیلی کی وضاحت نہیں کی مگر بیشتر صارفین کا قیاس ہے کہ یہ لوگوں کو اپریل فول بنانے کا طریقہ ہے جس پر یکم اپریل کو عمل نہیں ہوسکا۔
ٹوئٹر لوگو کی تبدیلی سے ڈوگی کوائن کی قدر میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور ایک کوائن 0.094 ڈالر کا ہوگیا،ایلون مسک کی جانب سے یہ اس وقت کیا گیا جب ان کے خلاف ڈوگی کوائن کے حوالے سے ایک مقدمہ دائر ہے۔
جون 2022 میں ایلون مسک کے خلاف ڈوگی کوائن میں سرمایہ لگانے والے افراد نے 285 ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، ان افراد کا مؤقف تھا کہ ایلون مسک 2019 سے جانتے تھے کہ اس کرپٹو کرنسی کی کوئی اہمیت نہیں مگر وہ اپنی تجارت کے لیے اسے پروموٹ کرتے رہے۔